بھٹکل 6/ستمبر (ایس او نیوز) قریبی تعلقہ انکولہ اور گوکرن کے درمیان ایک گڈس ٹرین پٹری سے اُترنے کے نتیجے میں کونکن ریلوے مارگ کی تمام ٹرینسروس متاثر ہوگئی ہے،جبکہ تین پسینجرٹرینوں کو کینسل کیا گیا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مڈگاؤں۔ مینگلور گڈس ٹرین جیسے ہی انکولہ اسٹیشن سے آگے بڑھی، اچانک قریبی پہاڑی سے چٹان کھسک گئی اور سیدھے گڈس ٹرین کی بوگیوں پر جاگری، جس کے نتیجے میں گڈس ٹرین کے آخری دو ڈبے پٹری سے اُتر گئے۔ حادثہ منگل شام قریب چار بجے پیش آیا۔
ریلوے حکام نے خبر دی ہے کہ ٹرین کو پٹری سے ہٹانے کے لئے گوا سے ماہرین کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور ٹرین کو ہٹانے کا کام جاری ہے، جس کے بعد ہی ٹرینوں کی آمدوفت بحال ہوگی۔ ریلوے ذرائع نے خبر دی ہے کہ حادثہ کے نتیجے میں تین ٹرینوں کو کینسل کیا گیا ہے۔ مڈگاؤں سے مینگلور جانے والے پسینجر ٹرین جو کاروار پہنچ چکی تھی، آگے کا سفر منسوخ کردیا گیا ہے، اسی طرح مینگلور سے مڈگاؤں ڈیمو ٹرین اور مڈگاؤں سے مینگلور انٹرسٹی ٹرین کو رد کیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ایرناکولم (کیرالہ) سے پونے جانے والی ٹرین بھٹکل اسٹیشن پرروک دی گئی ہے، اسی طرح ممبئی جانے والی متسی گندھا ایکسپریس ٹرین کو منکی اسٹیشن پر روکا گیا ہے۔ جبکہ مینگلور۔ممبئی سی ایس ٹی ایکسپریس ٹرین کے وقت میں تبدیلی کی گئی ہے، یہ ٹرین اب چھ گھنٹہ تاخیر سے یعنی رات 10:45 بجے مینگلور سے نکلے گی۔ ممبئی سے مینگلور اور کیرالہ کی طرف جانے والی ٹرینوں میں بھی تاخیر متوقع ہے۔